سوشل میڈیا پر وائرل بلوچستان کے ننھے ٹک ٹاکر بابا چی نے آے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان میں شرکت کرکے دھوم مچادی۔
ابو بکر المعروف ٹک ٹاکر بابا چی کے مداحوں نے اپنے پسندیدہ فنکار کو پہلی بار اے آر وائی کی اسکرین پر دیکھ کر خوشگوار حیرت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پروگرام کے میزبان اقرار الحسن نے ننھے ٹک ٹاکر باباچی اور ان کے والد سے خصوصی گفتگو کی اور ابوبکر کی صلاحیت اور اس کے نام سے متعلق مختلف سوالات کیے۔
میزبان اقرار الحسن نے سوال کیا کہ آپ نے بچے کا نام کیا سوچ کر رکھا جس کے جواب میں بابا چی (ابوبکر) کے والد نے بتایا کہ میں نے اس کا نام مشہور کامریڈ چی گویرا سے متاثر ہوکر رکھا ہے، ان نام سے لفظ ’چی‘ لیا اور ’بابا‘ میں اس کو ویسے ہی پیار سے کہتا ہوں۔
بابا چی کے ٹک ٹک ٹاک پر آنے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پہلے میں خود ٹک ٹاک ویڈیوز بنایا کرتا تھا لیکن کبھی وائرل نہیں ہوا ایک دن ویسے ہی اس کی ایک ویڈیو بنا کر ڈالی تو وہ بہت زیادہ وائرل ہوگئی۔
بابا چی کی وسیم بادامی سے کی گئی شکایتی ویڈیو سے متعلق سوال کے جواب میں ابوبکر کے والد بتایا کہ میں نے گزشتہ سال آخری روزے تک انتظار کیا تھا کہ اے آر وائی والے میرے بیٹے کو بھی بلائیں گے لیکن مایوسی ہوئی جس کے بعد ہم نے وہ ویڈیو بنائی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال اے آر وائی کے اسٹوڈیوز میں آکر ہم بہت خوش ہیں اور ہمارے سارے گلے شکوے دور ہوگئے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاکر بابا چی کی ایک ویڈیو گزشتہ سال بہت وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وسیم بادامی سے شکوہ کیا تھا کہ آپ سب بچوں کو بلاتے ہیں نجھے اب تک کیوں نہیں بلایا جس کے جواب میں وسیم بادامی نے ان سے اگلے سال بلانے کا وعدہ کیا تھا جو اس سال پورا کردیا گیا۔