اسلام آباد: وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور آئی بی کے افسران کی پذیرائی کی ہے، اور انھیں ملاقات کے لیے بلایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے آئی بی اور ایف آئی اے کے ہر افسر و اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دے دیا ہے، افسران و اہلکاروں سے ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کو انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ججا گینگ کے سرغنہ عثمان ججا کی گرفتاری قابل ستائش ہے، انسانی اسمگلنگ کے مکروہ فعل میں ملوث افراد قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتے ہیں، ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ادارے اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں۔
انھوں نے کہا انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم کے مرتکب عناصر کی سرکوبی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، کالے دھندے میں ملوث افراد نے پاکستان کے تشخص کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی، مکروہ عمل کے باعث کئی لوگ ڈوبے اور اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے۔
مریم نواز پر تنقید، پی پی نے ہاتھ ہلکا رکھنے، ن لیگ نے مطالبات پورے کرنے کا وعدہ کر لیا
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، اس لیے یہ کالا دھندا مکمل طور پر بند کرانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرنے والے افسران نے ملک کو عزت بخشی، متعلقہ ادارے ایسے ہی اپنی اعلیٰ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں۔