بدین: کھورواہ کے نواحی گاؤں انگارو خاصخیلی میں زمینی تنازعہ پر 5 افراد قتل جبکہ 7 زخمی ہوگئے جن میں 3 کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق کھورواہ کے نواحی گاؤں انگارو خاصخیلی میں زمینی تنازعہ پر خاصخیلی اور راھموں برادری کے مابین جھگڑا ہوا جس میں فائرنگ لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے وار لگنے کے باعث دونوں برادریوں کے 5 افراد موقع پر قتل جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 3 کی حالت نازک ہے۔
تصادم کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے ڈی ایس پی، ایس ایچ اوز اور تھانہ کھورواہ کے سب انسپکٹر جبکہ ایس ایچ او تھانہ کڑیو گھنور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیا جس کے بعد مزید جانی نقصان پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کے مطابق ضلع بھر سے اضافی پولیس نفری بھی طلب کرلی گئی ہے، تمام زخمیوں کو علاج کیلئے گولاڑچی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زمین کے تنازع پر خونریز تصادم ہوا، مکمل قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی، پولیس نے دونوں برادریوں کے مقتولین اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کردی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں انور ولد عبدالله راھموں، مدد علی، محمد صديق، عبدالمجيد اور احمد شامل ہے جبکہ زحمی ہونیوالوں میں گل حسن، محمد جمن، يوسف، مينھن وسايو، غلام محمد، واحد بخش اور گل شير شامل ہے۔