اقوام متحدہ نے یمن پر امریکی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور یمنی حوثیوں سے ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ نے یمن پر امریکی حلموں اور حوثیوں کی جانب سے جہازوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے ایک دوسرے پر حملے بند کرنے کی اپیل کر دی ہے۔
ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں فوجی مہم جوئی سے حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں اور یمن میں تصادم خطے کو جنگ کی آگ میں جھونک سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں انسانی صورتحال پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے۔ اس وقت حملوں کے بجائے صبر وتحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ امریکا نے یمن کے مختلف علاقوں پر 170 سے زیادہ فضائی حملے کیے۔
ان حملوں کے جواب میں یمنی حوثیوں نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ہیری ایس ٹرومین کو 18 بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ایک ڈرون سے نشانہ بنایا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سی بی ایس سے بات کرتے ہوئے کہ یمن میں امریکی فوجی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حوثی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کھو نہیں دیتے۔
حوثیوں کا جوابی حملہ، امریکی طیارہ بردار جہاز پر میزائلوں کی برسات