امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پیوٹن اگر جنگ بندی پر نہ مانے تو یہ بُری خبر ہو گی لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ راضی ہوجائیں گے۔
اتوار کو نشر ہونے والے امریکی نیوز آؤٹ لیٹ کے ریکارڈ شدہ انٹرویو میں ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے والی بات تھوڑا سا طنزیہ تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا اصل مطلب یہ تھا کہ میں اس جنگ کو ختم کرنا چاہتا ہوں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں کامیاب ہو جاؤں گا، ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر روسی صدر ولادیمیر پوٹن جنگ بندی پر راضی نہیں ہوئے تو یہ "اس دنیا کے لیے بری خبر” ہو گی۔
روس یوکرین جنگ خاتمے میں حقیقی پیشرفت کی امید ہے: امریکا
واضح رہے کہ ٹرمپ 30 روزہ جنگ بندی کی تجویز کے لیے پیوٹن کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے یوکرین نے گزشتہ ہفتے قبول کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2023 میں سی این این ٹاؤن ہال میں کہا تھا کہ روسی اور یوکرینی مر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ نہ مریں اور میں یہ 24 گھنٹے میں کر لوں گا۔
سابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک جنگ ہے جسے ختم ہونا ہے، میں صدر بننے سے قبل ہی اسے ختم کرواؤں گا، جب میں صدر منتخب ہوں گا تو ایک فریق سے بات کروں گا پھر دوسرے سے، میں انہیں اکٹھا کروں گا۔