امریکا نے یمن پر حملوں میں کینسر کا ایک اسپتال اور کاٹن شاپ کو تباہ کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق اتوار کو یمن میں ہونے والے امریکی حملوں سے ہونے والی تباہی کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں، مقامی حکام نے کہا ہے امریکی افواج نے صعدہ شہر میں کینسر کے مرکز پر کئی فضائی حملے کیے، جس سے ’’بڑے پیمانے پر تباہی‘‘ ہوئی۔
صعدہ کے گورنر محمد عواد نے مقامی حکام کے ایک اجلاس کو بتایا کہ کئی رہائشی محلے بھی حملے سے متاثر ہوئے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ رہائشی محلوں اور کینسر اسپتال جیسی شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا امریکی فوج کی ناکامی کو ثابت کرتا ہے، اور اس سے پتا چلتا ہے کہ دشمن الجھن میں گرفتار ہے، اور اس کا چہرہ بدنما اور مجرمانہ ہے۔
امریکا اور یمنی حوثی ایک دوسرے پر حملے بند کریں، اقوام متحدہ
یمنی میڈیا صبا کے مطابق حدیدہ گورنری کے زبید ضلع میں امریکی فوج کی جانب سے ایک کاٹن شاپ کو نشانہ بنائے جانے پر وزارت زراعت نے مذمت کی، وزارت نے کہا کہ سویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا مقصد یمن میں انسانی مصائب کو دوگنا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز امریکی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 53 ہو گئی ہے، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں، امریکی فوج کی جانب سے بحیرہ احمر کی بندرگاہ حدیدہ پر حملے بدستور جاری ہیں، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ یمن پر اس وقت تک حملے جاری رکھیں گے جب تک باغی گروپ بحیرہ احمر میں اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں پر دوبارہ حملے شروع کرنے کی دھمکی سے دست بردار نہیں ہو جاتا۔