انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر سے گفتگو میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی اقدامات کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلا ٹیلی فونک رابطہ کیا ، ترک صدر نے اور ٹرمپ کے درمیان روس-یوکرین جنگ سمیت دیگر موضوعات کے علاوہ شام کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
ترک صدر اردگان نے ٹرمپ کی جانب سے یوکرین میں 3 سالہ جنگ کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کی اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
صدراردوان نے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کو حتمی شکل دینے پر بھی گفتگو کی۔
ترک میڈیا کا کہنا تھا کہ اردگان نے شام کی صورتحال کا بھی ذکر کرتے ہوئے امریکی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا یہ پابندیاں شام کی نئی عبوری حکومت کو بنیادی مالی امداد فراہم کرنے کے لیے علاقائی ممالک جیسے سعودی عرب اور قطر کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں
اس کے علاوہ اردگان نے ترکی کی دفاعی صنعت پر امریکی کانگریس کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ یہ پابندیاں ترکیہ کی روسی ساختہ میزائل کے حصول اور اس کی 2019 میں شمالی شام میں کرد کے زیر انتظام علاقے میں مداخلت کی وجہ سے لگائی گئی تھیں۔
تاہم وائٹ ہاوس کی جانب سب تاحال دونوں ممالک کے صدور کے مابین ہونے والی اس اہم گفتگو کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔