سائرہ بانو نے کہا ہے کہ ’اے آر رحمان کی سابقہ اہلیہ‘ نہ کہا جائے کیونکہ ابھی دونوں کی باضابطہ طلاق نہیں ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسکر ایوارڈ یافتہ گلوکار اے آر رحمان کو گزشتہ روز طبعیت خراب ہونے کے بعد اپستال میں داخل کرایا گیا جس کے چند گھنٹے بعد انہیں چنائی کے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا، انہیں پانی کی کمی کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
گلوکار اے آر رحمان کی صحتیابی پر ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا اور کہا کہ مجھے ’اے آر رحمان کی سابقہ اہلیہ‘ نہ کہا جائے کیونکہ ہم دونوں میں ابھی باضابطہ طلاق نہیں ہوئی۔
سائرہ بانو نے وکیل کے ذریعے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’میں ان (اے آر رحمان) کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، مجھے اطلاع ملی کہ انہیں سینے میں تکلیف محسوس ہوئی اور ان کی انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، اللّٰہ کے فضل سے وہ اب ٹھیک ہیں۔‘
کیا اے آر رحمان اور سائرہ بانو میں صلح ہونے والی ہے؟ وکیل نے خاموشی توڑ دی
انہوں نے کہا، ’میں یہ بھی واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہم ابھی بھی قانونی طور پر میاں بیوی ہیں بس صرف الگ رہ رہے ہیں کیونکہ میں پچھلے کچھ برسوں سے صحت کے مسائل سے دوچار تھی اور میں نہیں چاہتی تھی کہ ان پر مزید دباؤ پڑے، براہ کرم مجھے ان کی سابقہ اہلیہ نہ کہا جائے۔‘
خیال رہے کہ رحمان اور سائرہ بانو نے گزشتہ سال 29 سالہ شادی کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کئی سالوں کی ازدواجی زندگی کے بعد، سائرہ اور ان کے شوہر رحمان نے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔‘