ٹیکساس : امریکا کی کئی ریاستوں میں شدید طوفان نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں اب تک 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے وسطی اور جنوبی علاقے شدید طوفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں، طوفانی بگولوں کے سبب مختلف حادثات میں چالیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
لُوزیانا، کنساس، انڈیانا، اِلینوئے، آرکنساس، ٹیکساس، مسی سیپی، اوکلاہوما، جارجیا اور میسوری میں چھتیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ریاست میسوزی سب سے زیادہ متاثر ہوئی جبکہ ٹیکساس اور نیو میکسیکو میں سومیل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے بڑے بڑے ٹریلرز اورگاڑیوں کو اڑا کررکھ دیا۔
طوفان کے باعث لاکھوں گھروں اورگاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ آٹھ امریکی ریاستوں میں تین لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔
آرکنساس اورجارجیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ میسیسپی،مشرقی لوزیانا اور مغربی تینیسی میں بھی طوفان کا خدشہ ہے۔
تیز ہواؤں کے سبب اوکلاہوما کے جنگلات میں ایک سو پچاس مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔