منگل, مارچ 18, 2025
اشتہار

جنگ بندی ختم ، اسرائیل کا غزہ پر بدترین فضائی حملہ، 232 فلسطینی شہید ، سیکڑوں زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ : اسرائیل کے جنگ بندی معاہدہ کے باوجود غزہ پر بدترین فضائی حملے میں 232 فلسطینی شہید اور سیکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے ، حملوں میں شہید ہونیوالوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے حماس کیساتھ جنگ بندی معاہدہ یکطرفہ طور پر منسوخ کرکے غزہ کی پٹی پر بارود کی برسات کردی اور فلسطینی علاقہ دھماکوں سے گونج اٹھا۔

اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں 232 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، اسرائیل نے سحری کے اوقات میں شمالی غزہ، دیر البلاح، خان یونس اور دیگر مقامات پر پینتیس سے زائد حملے کیے۔

سیف زون میں بغیر وارننگ حملے کیے، اسرائیلی حملوں میں شہید ہونیوالوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ اسپتال زخمیوں سے بھرگئے ہیں۔

فضائی حملوں کے بعد صیہونی فوج نے زمینی کارروائی کی بھی وارننگ دے دی، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا تاہم اسرائیل نے غزہ پر حملوں سے پہلے امریکی صدر کو اعتماد میں لیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہورہی تھی اس لیے حملوں کی اجازت دی ۔

حماس نے دہشت گردی کا جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیل نےحملےشروع کر کے جنگ بندی معاہدہ ختم کر دیا ہے، صیہونی جارحیت کے بعد مغویوں کا مستقبل تاریک ہوگا اور مذاکرات ختم کرنے پر نیتن یاہو مستقبل کے واقعات کا ذمےدار ہوگا۔

یاد رہے انیس جنوری کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ معاہدے کے پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسرائیل دوسرے مرحلے پر عمل کے بجائے پہلے مرحلے میں توسیع پر اصرار کرنے لگا۔

واضح رہے اسرائیل میں یرغمالیوں کی رہائی کیلئے نیتن یاہو حکومت کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ مظاہرین حماس سے مذاکرات کر کے یرغمالیوں کو رہا کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں