بدھ, مارچ 19, 2025
اشتہار

کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ بن گیا، 62 برس کی عمر میں انٹرنیشنل میچ میں‌ ڈیبیو

اشتہار

حیرت انگیز

کرکٹ میں عموما 18 سے 30 سال کی عمر کے کھلاڑی ڈیبیو کرتے ہیں لیکن 62 سالہ شخص نے پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل کر تاریخ کا دھارا پلٹ دیا۔

کوئی بھی کھیل عموماً نوجوانوں کا ہوتا ہے اور کھلاڑی 35 سال کی عمر گزارنے کے بعد ریٹائرمنٹ کا سوچنے لگتے ہیں اور اکثر 40 سے 45 سال کی عمر تک ریٹائرمنٹ لے بھی لیتے ہیں۔ یہی فارمولا کرکٹ میں بھی لاگو ہے۔

تاہم اب کرکٹ کی تاریخ میں نیا اور منفرد ریکارڈ بن گیا ہے کیونکہ عموماً گھر میں آرام کرنے والی عمر میں ایک 62 سالہ شخص نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرتے ہوئے اپنا پہلا میچ کھیلا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تاریخ رقم کرنے والا یہ کرکٹر جزائر فاکلینڈ کی کرکٹ غیم کا کھلاڑی اینڈریو براؤنلی ہے جس نے 62 سال کی عمر میں کوسٹاریکا کے خلاف اپنا ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کوسٹاریکا کے دورے کے دوران جزائر فاکلینڈ کی ٹیم نے رواں ماہ مارچ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔ یوں وہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والی 106 ویں ٹیم بھی بن گئی۔

اس ٹیم نے مزید دیگر کئی دلچسپ ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔

فاکلینڈ کی اس ٹیم کے تمام کھلاڑی عمر کی تین دہائیاں دیکھ چکے۔ دو کھلاڑی 31 سال سے زائد، 5 کھلاڑیوں کی عمر 40 سال سے زائد، تین کھلاڑیوں کی عمر 56 سال سے زائد، لیکن ان میں سب سے سینئر 62 سالہ اینڈریو براؤنلی تھے۔

اینڈریو براؤنلی نے10 مارچ کو ڈیبیو کرنے کے بعد 11 اور 12 مارچ کو بھی کوسٹاریکا کے خلاف مزید 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے۔ انہوں نے تینوں میچز میں دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب ایک، 2 اور 3 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جب کہ دوسرے میچ میں بولنگ کراتے ہوئے ایک اوور بھی پھینکا۔

براؤنلی سے قبل انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے عمر رسیدہ مرد کرکٹر کا اعزاز ترکیہ کے عثمان گوکر کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں رومانیہ کے خلاف 59 سال کی عمر میں پہلا انٹرنیشنل کرکٹ میچ کھیلا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں