جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا ظالم شوہر وقاص گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں ظالم شوہر نے بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، پولیس نے خاتون کے شوہر وقاص کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق 2 سال قبل پسند کی شادی کرنے والی رابعہ کو اس کے شوہر نے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ہے، افسوس ناک واقعے میں رابعہ کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا ہے۔

ورثا کا کہنا تھا کہ سسرالیوں نے واقعے کو خود سوزی کا رنگ دیا، تاہم رابعہ کے بیان سے حقیقت واضح ہوئی۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے رابعہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تو ملزم وقاص کے اہل خانہ نے مقدمہ واپس لینے کے لیے متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے، اور دھمکیاں دینے لگے ہیں۔

تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد اپنی بیوی کو جلانے میں ملوث ملزم وقاص کو عظیم پورہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے، پولیس حکام کے مطابق ملزم وقاص فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم وقاص کی دوسری خواتین سے دوستی تھی، منع کرنے پر ملزم وقاص نے اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

شوہر وقاص، جس نے بیوی رابعہ کو مبینہ طور پر آگ لگائی

گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، جلائے جانے کی وجہ سے رابعہ خاتون 60 سے 70 فی صد جھلس گئی ہے، جو اس وقت سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہے۔


زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کون کرے گا؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا


متاثرہ خاتون رابعہ نے اپنے بیان میں کہا ’’شادی کے بعد سے ہی وقاص کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، میری کوئی اولاد نہیں، وقاص مار پیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتا تھا، وقاص کے دوسری خواتین سے تعلقات تھے، 14 مارچ کو وقاص رات دیر تک گھر نہیں آیا، تو آمنہ نامی لڑکی کے نمبر پر کال کی، فون وقاص نے اٹھایا اور طیش میں آکر مغلظات بکیں۔‘‘

رابعہ کے مطابق ’’ وقاص رات 11 بج کر 45 پر گھر آیا تو مجھ پر تشدد کرنے لگا اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔‘‘ رابعہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ ملزم وقاص کے خلاف شاہ لطیف ٹاوٴن میں پہلے بھی تشدد اور مارپیٹ کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 14 مارچ کو پیش آیا، جب کہ مقدمہ 16 مارچ کو درج کیا گیا ہے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں

StatCounter - Free Web Tracker and Counter