سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں موجود کنویں کے اندر سے کئی لاشیں ملی ہیں انمیں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان کی فوج کی جانب سے چند روز قبل دارالحکومت شہر خرطوم کے نیم فوجی گروہ سے خالی کرائے گئے علاقے میں موجود کنویں کے اندر سے متعدد افراد کی لاشیں ملی ہٰں۔
رپورٹ کے مطابق فیحا محلے کے گہرے کنویں کی تہہ سے 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ان میں خواتین اور بچوں کی لاشیں بھی شامل ہیں۔
خرطوم میں سول ڈیفنس فیلڈ ٹیم کے سربراہ کرنل عبدالرحمان محمد حسن نے بتایا کہ علاقے کے رہائشیوں نے کنویں میں لاشیں دیکھنے کی حکام کو اطلاع دی جس کے بعد ان تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ان افراد کو ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے مارنے کے بعد کنویں میں پھینکا تھا۔ تاہم اب ان نیم فوجی دستوں سے علاقے کا قبضہ چھڑا لیا گیا ہے۔
ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی جانب سے اس سانحہ کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ اپریل 2023 میں سوڈان میں اس وقت شدید بدامنی پھیل گئی تھی جب فوج اور طاقتور نیم فوجی دستوں اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان کشیدگی جنگ میں تبدیل ہو گئی تھی۔
سوڈان میں ہونے والی اس جنگ کے باعث ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد گھروں سے بے دخل ہونے پر مجبور ہوئے اور ملک کے متعدد علاقوں میں قحط کی صورتحال کا سامنا رہا۔
دونوں فورسز کے مابین اس جنگ میں کم از کم 20 ہزار افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔