ممبئی: 90 کی دہائی میں بہت سی ہٹ فلموں کا حصہ رہنے والی مقبول اداکارہ عائشہ جھلکا نے فلم ’قربان‘ کی شوٹنگ کے دوران ناخوشگوار حادثے سے بال بال بچنے کا قصہ سنا دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عائشہ جھلکا حال ہی میں ایک انٹرویو میں نظر آئیں جہاں انہوں نے بتایا کہ کس طرح بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان نے اپنی جان پر کھیل کر ان کی زندگی بچائی۔
عائشہ جھلکا نے بتایا کہ وہ ریلوے ٹریک پر شوٹنگ کر رہے تھے کہ اچانک ایک ٹرین ان کی طرف تیزی سے بڑھی، سلمان خان نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں ٹریک سے کھینچ کر زمین پر اترا۔
یہ بھی پڑھیں: 90 کی دہائی کی اداکارہ عائشہ جھلکا آج کل کہاں ہیں؟
وہ بتاتی ہیں کہ 1991 کی اس فلم کی شوٹنگ کے دوران کوئی واکی ٹاکیز نہیں تھے، لوگ یا تو صرف چیخ کر ایک دوسرے کو ہدایات دیتے تھے یا دور سے اشارہ کرنے کیلیے جھنڈے لہراتے تھے۔
وہ ریلوے ٹریک پر سلمان خان کے ساتھ شوٹنگ میں مصروف تھیں اور انہیں بتایا گیا تھا کہ ٹریک پر کوئی ٹرین نہیں آئے گی لہٰذا وہ اپنی شوٹنگ بے فکر ہو کر مکمل کریں۔
’ہم نے شوٹنگ شروع کی، کیمرہ مین اپنا کیمرہ بھی فٹ کر چکا تھا۔ مجھے ٹریک پر رقص کرنا تھا اور مجھ سے پہلے سلمان خان ٹریک پر رقص کر رہے تھے۔ چونکہ یہ بہت چھوٹا اسٹیشن تھا لہٰذا آس پاس زیادہ لوگ بھی نہیں تھے اور انہوں نے تمام مطلوبہ اجازتیں لے رکھی تھیں۔‘
اداکارہ بتاتی ہیں کہ گانا اونچی آواز میں بجایا جا رہا تھا، ہم بار بار ریہرسل کر رہے تھے اور اچانک سلمان خان نے مجھے کھینچ کر ٹریک سے نیچےاتار دیا کیونکہ انہیں ٹرین کی آواز آگئی تھی، چند لمحوں کیلیے میں سمجھ نہیں پائی کہ میرے ساتھ کیا ہوا، لیکن سب نے بتایا کہ سلمان خان نے میری جان بچائی۔
یاد رہے کہ فلم ’قربان‘ عائشہ جھلکا کی پہلی ہندی فلم تھی، اور اس کے بعد وہ کھلاڑی، جو جیتا وہی سکندر، چاچی 420 جیسی فلموں میں نظر آئیں۔