بھارت کی اعلیٰ انسداد اسمگلنگ ایجنسی نے کنڑ فلموں کی اداکارہ رانیا راؤ کے خلاف سونا اسمگل کرنے کے کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس نے کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس ثبوت موجود ہیں کہ رانیا راؤ اور اس کے دوست ترون راجو نے دبئی کے 26 دوروں کے دوران سونا اسمگل کیا۔
ایجنسی نے ترون راجو کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ دوروں کے دوران دونوں ملزمان صبح روانہ ہو جاتے اور شام تک واپس آ جاتے تھے جس نے شکوک پیدا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تفتیشی افسران رانیا راؤ سے کیسا برتاؤ کر رہے ہیں؟ اداکارہ کے سنگین الزامات
یاد رہے کہ ترون راجو کو بنگلورو ایئرپورٹ سے رانیا راؤ کی گرفتاری کے فوراً بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران دونوں ملزمان کے درمیان مزید مالی روابط کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ ترون راجو نے ملزمہ کی جانب سے بک کروائے گئے ٹکٹ پر دبئی سے حیدر آباد کا سفر کیا، ملزم نے اکاؤنٹ میں بھیجی گئی رقم کا استعمال کیا، ایجنسی کے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں۔
رانیا راؤ نے 2023 سے مارچ 2025 کے درمیان دبئی کے 52 دورے کیے، ان میں سے کم از کم 26 میں ترون راجو ان کے ساتھ رہے۔ حکام کو شبہ ہے کہ ایک ہی دن کا دورہ بھارت سے سونا اسمگل کرنے کیلیے کیا جاتا تھا۔
کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ملزم کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کیا۔ تاہم، 8 مارچ کو اس نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی اور ناکامی پر حیدر آباد سے بنگلورو کا سفر کیا۔
تحقیقات میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی کہ ملزم کے پاس امریکا کی شہریت ہے جس سے اس کی بین الاقوامی نقل و حرکت اور کاروباری معاملات پر مزید سوالات اٹھتے ہیں۔