لاہور : شوگر ملز نے چینی کی قیمت کم کرنے سے انکار کردیا اور خبردار کیا حکومت قیمت کم کرنے کی کوشش کرے گی توچینی نہیں ملے گی۔
تفصیلات شوگر ملز مالکان اورحکومت کے درمیان چینی کی قیمت پرتنازع برقرار ہے، ذرائع نے بتایا کہ شوگر ملزنے140 روپے فی کلو چینی دینےسےانکار کر دیا، چینی کی قلت ہے عید پر مزید ریٹ بڑھ سکتے ہیں۔
شوگر مل کے نمائندوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت پاکستان نے قیمتیں کم کرنے میں مداخلت کی تو مارکیٹ میں چینی کی سپلائی روک دی جائے گی۔
انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ حکومت نے خود چینی کی برآمد کی اجازت دی ہے تو اب شکوہ کیوں؟ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی قلت کی شکایت نہیں کرنی چاہیے۔
اس وقت ریٹیل مارکیٹوں میں چینی 170 سے 175 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے باوجود کوئی خاص کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے ریٹ کے استحکام کی یقین دہانی پر شوگر ملز کو چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، ذرائع نے 14 مارچ کو بتایا کہ وزیر اعظم (پی ایم) شہباز شریف نے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔
شہباز شریف نے زور دے کر کہا تھا کہ چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے لیے چینی ذخیرہ اندوزی اور فرضی ٹریڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔