امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر سے یوکرین امن معاہدے پر مثبت گفتگو ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی، روس اور امریکی صدور کے درمیان ڈھائی گھنٹے طویل گفتگو ہوئی جس میں یوکرین جنگ سمیت دیگر امور پر بات کی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر سے گفتگو کے بعد امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ روسی صدر کے ساتھ یوکرین امن معاہدے پر گفتگو مثبت رہی، مکمل جنگ بندی کیلئے تیزی سے کام کریں گے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے مزید کہا روسی صدر سے یوکرینی امداد پر بات نہیں ہوئی، امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف کا کہنا ہے روسی وفد سے اتوار کو جدہ میں بات ہوگی۔
روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلیے اہم پیشرفت
دوسری جانب امریکا اور روس کے درمیان یوکرین میں جنگ بندی سے متعلق بات چیت کے بعد یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی امریکی تجویز پر امریکی صدر سے بات کریں گے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ٹرمپ سے گفتگو کا مقصد یہ جاننا ہوگا کہ روس نے امریکا کو کیا پیشکش کی ہے، یہ جاننا بھی چاہتے ہیں کہ امریکا نے روس کو کیا پیشکش کی۔
صدر ولادیمیر زیلنسکی کا مزید کہنا تھا کہ پیوٹن کی شرائط ظاہر کرتی ہیں کہ روس جنگ بندی کے لیے تیار نہیں، روسی صدر کا مقصد یوکرین کو کمزور کرنا ہے۔