واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ ٹرمپ نے زیلنسکی کو روسی صدرسے ہونیوالی گفتگو کے اہم امور سے آگاہ کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کے درمیان فون پر شاندار گفتگو ہوئی، زیلنسکی نے جدہ میں یوکرائنی اور امریکی ٹیموں کے کام کے نتیجہ خیزآغاز پر شکریہ ادا کیا،
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملکوں کےاعلیٰ حکام کی ملاقات نے جنگ کے خاتمےکی طرف بڑھنےمیں مدد دی، صدر زیلنسکی نے امریکا کی حمایت، امن کیلئے کوششوں پر صدر ٹرمپ کا شکریہ اداکیا۔
ٹیمی بروس نے کہا کہ یوکرین اور امریکا جنگ کے حقیقی خاتمے کیلئے ملکر کام جاری رکھیں گے، صدر ٹرمپ کی قیادت میں پائیدارامن حاصل کیا جاسکتاہے۔
دونوں رہنماؤں نے توانائی کےخلاف جزوی جنگ بندی پربھی اتفاق کیا، تکنیکی ٹیمیں آئندہ دنوں میں سعودی عرب میں ملاقات میں مزید تبادلہ خیال کریں گے، دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا یہ جنگ کے مکمل خاتمے اور سلامتی کو یقینی بنانے کی طرف پہلا قدم ہوسکتا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ صدر زیلنسکی نے مکمل جنگ بندی اپنانے پر آمادگی کا اعادہ کیا، صدر ٹرمپ نے یوکرین کی بجلی کی فراہمی اور نیوکلیئر پاور پلانٹس پر بھی بات کی۔
امریکا اپنی بجلی اور افادیت کی مہارت سے ان پلانٹس کو چلانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، صدر زیلنسکی نے جنگی قیدیوں کے تبادلے، انسانی ہمدردی کو آگے بڑھانے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیمی برس نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ دونوں فریقین کیساتھ مل کر کام کریں گے، گفتگومیں اتفاق ہوا کہ تمام فریقین کو جنگ بندی پر کام کرنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں صدور نے اپنی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ جزوی جنگ بندی کو نافذ کرنے پر آگے بڑھیں، دونوں نے زوردیا کہ جنگ بندی کو وسیع کرنے سے متعلق تکنیکی مسائل کیساتھ آگےبڑھیں۔