پاکستان کے ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی انگریزی کا مذاق اڑانے پر آل رائونڈر عامر جمال نے سابق اسپنر بریڈ ہوگ کو آڑے ہاتھوں لےلیا۔
پاکستان ٹیم کے آل رائونڈر عامر جمال نے سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کے طرز عمل پر شدید تنقید کی ہے، قومی کرکٹر عامرجمال نے بریڈ ہوگ کی جانب سے محمد رضوان کی انگریزی کا مذاق بنانے پر ان کےلیے سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کی ہے۔
عامر جمال نے اپنے پیغام میں بریڈ ہوگ کو ایک کرکٹر کے طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹرکو محمد رضوان کی انگریزی کا مذاق بنانے پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔
انھوں نے بریڈ ہوگ کو یاد دلایا کہ محمد رضوان کی مادری زبان انگریزی نہیں ہے بلکہ یہ تو ان کی تیسری زبان ہے۔
عامر جمال نے آسٹریلوی اسپنر کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ آپ کرکٹ کے بجائے سوشل میڈیا پر مسخرہ پن کریں، آپ کےفالوورز بھی بڑھیں گے، عامر کی پوسٹ کو کافی لوگ لائیک کررہے ہیں۔