ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

مغل بادشاہ اورنگزیب کی پوسٹ لگانے پر ہندو انتہا پسند آپے سے باہر

اشتہار

حیرت انگیز

مغل بادشاہ اورنگزیب سے متعلق انسٹاگرام اسٹوری لگانے پر ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہوگئے اور پولیس اسٹیشن شکایت درج کروانے پہنچ گئے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ پر آنے والی خبروں کے مطابق وشو ہندو پریشد کے ضلعی عہدیدار پرکاش اوم شنکر پانڈے نے اورنگزیب کی انسٹا گرام اسٹوری پوسٹ کرنے پر شکایت درج کروائی، جس پر بھنڈارہ پولیس نے مسلم نوجوان کے خلاف کیس درج کیا ہے۔

پانڈے کا کہنا تھا کہ شعیب شیخ نامی مسلم نوجوان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اورنگزیب کی2 اسٹوریز اپ لوڈ کیں جو ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی اور اشتعال انگیز ہیں۔

شعیب نے پہلی ’اسٹوری‘ میں، چھترپتی شیواجی مہاراج کی تصویر کے ساتھ ’’بادشاہ تو بہت سارے تھے..!” کا کیپشن لکھا، بعدازاں مغل بادشاہ اورنگزیب کی تصویر پوسٹ کی گئی جس میں لکھا گیا کہ ’’لیکن باپ ایک ہی تھا..!‘‘

اسٹوری میں مزید لکھا گیا کہ ’’نہ سز ا نہ معافی، تمہارا سسٹم پھاڑنے کے لیے صرف حضرت اورنگزیب عالمگیر کا نام ہی کافی ہے‘‘، اس اسٹوری میں ’’باپ ہی باپ رہے گا‘‘ کا گانا بھی لگایا گیا۔

پانڈے نے اپنی شکایت میں شعیب شیخ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کی جبکہ اورنگزیب کی بالادستی ظاہر کرکے ہمارے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔

وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے تقریباً 200 کارکن بھی پولیس اسٹیشن میں موجود رہے اور مطالبہ کیا کہ مذکورہ شخص کے خلاف کیس درج کیا جائے اور اسے گرفتار کیا جائے۔

پولیس نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے رات گئے نوجوان شعیب شیخ کے خلاف کیس درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں