رمضان المبارک کے آخری عشرے میں تراویح میں تکمیل قرآن کے بعد انوکھی تقریب ہوئی جس میں پیش امام کو سکوں سے تول دیا گیا۔
رمضان المبارک اختتام کے قریب ہے اور مساجد میں تراویح میں تکمیل قرآن کی تقریبات ہو رہی ہیں۔ بھارت میں تکمیل قرآن کے بعد ایک انوکھی روایت کے تحت پیش امام کو سکوں سے تول دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھی روایت ریاست یوپی کے ضلع اناؤ میں انجام دی گئی، جہاں دادا میاں موڑ پر واقع میناری مسجد میں مولانا محمد ارشاد رضا کو سکّوں سے تولا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تراویح سے فارغ ہونے کے بعد مسجد میں جلسہ کا انعقاد کیا گیا اور تراویح میں تکمیل قرآن کرانے والے مولانا محمد ارشاد رضا کو تحائف اور اعزازات سے نوازا گیا۔
مسجد کمیٹی اور اہل محلہ کی جانب سے پیش امام کی تعظیم کرتے ہوئے ان کا سکوں کے ساتھ وزن کیا گیا۔ 65 کلوگرام وزنی مولانا محمد ارشاد رضا کے وزن میں 90 ہزار بھارتی روپے (پاکستانی تقریباً 3 لاکھ روپے) مالیت کے سکے استعمال کیے گئے۔
اس حوالے سے نائب شہر قاضی مولانا نعیم احمد مصباحی نے کہا کہ مساجد کے امام اور علمائے کرام معمولی تنخواہوں پر کام کرتے ہیں۔ وہ بغیر کسی تعطیل کے سال بھر مساجد کو آباد رکھتے ہیں اور بچوں کو مذہبی تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ ایسے میں ان کی محنت کو پہچاننا اور انہیں عزت دینا بہت ضروری ہے۔