سندھ کے شہر مٹیاری میں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں رشتہ داروں نے خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ نیو سعید آباد کے گاؤں غلام محمد انڑ میں رشتہ داروں نے خاتون پر تشدد کیا اور دونوں ٹانگیں توڑ دیں، 4 سے زائد افراد نے مل کر متاثرہ کو رسیوں سے باندھ کر شدید تشدد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے خاتون پر تشدد کے بعد سر کے بال بھی کاٹ دیے، پولیس نے اطلاع ملنے پر متاثرہ کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کیا۔
تشدد کی شکار خاتون نے اسپتال میں انصاف کیلیے دہائیاں دیں۔
خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ تشدد کرنے والوں نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے ان کی بیٹی کو بھگایا ہے، لڑکی نے چند روز قبل پسند کی شادی کی جس سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا، مجھ پر الزام لگا کر تشدد کر کے ظلم کیا گیا۔
ادھر، ایس ایس پی مٹیاری فیصل بشیر نے بہیمانہ تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نیو سعید آباد پولیس کو تشدد میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
فیصل بشیر نے ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جائے، تشدد میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔