اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لیا ہے، احتجاج کرنے والے عام مظاہرین نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے کارکن تھے۔
ترجمان نے آج جمعرات کو بریفنگ میں کہا کہ احتجاج کرنے والوں کی دہشت گردی کا بڑا ثبوت سول اسپتال کوئٹہ پر حملہ، اور دہشت گردوں کی لاشوں پر قبضہ ہے، یو این ادارے کی پریس ریلیز دہشت گردی کے خلاف سپورٹ کے برعکس، دہشت گردوں کو تقویت دیتی ہے۔
ترجمان نے کہا حکومت اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی پابند ہے، مذہبی، نسلی پس منظر سے قطع نظر حکومت شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اور دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم کی ہدایت پر نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کابل کا دورہ کیا، 21 مارچ کو محمد صادق کی افغان عبوری وزیر خارجہ و وزیر تجارت سے ملاقات ہوئی، پاکستان اور افغانستان نے اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی ذرائع سمیت کئی سطح پر جامع بات چیت ہوئی ہے، امریکا یا کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات افغانستان کا اپنا معاملہ ہے، بگرام ایئر بیس کے حوالے سے اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔
گوادر : کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے 6 مسافروں کو قتل کردیا
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان روس اور یوکرین کے درمیان محدود جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے، امید ہے موجودہ اقدامات سے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی، ترجمان نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کے گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا پاکستان امریکی ایوان نمائندگان میں متعارف بل سے آگاہ ہے، پاکستان آزادی اظہار، انسانی حقوق اور آئین پر عمل درآمد کرتا ہے، ایوان نمائندگان میں آنے والا بل ایک رکن کا بل ہے جسے ابھی کئی مراحل سے گزرنا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ مجوزہ بل امریکی انتظامیہ کی پالیسی نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا حکومت پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل کی اطلاعات سے آگاہ ہے، پاکستان کا پاسپورٹ اسرائیل کے لیے کارآمد ہے نہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرتا ہے، دہری شہریت کے حامل شہری کسی دوسرے پاسپورٹ پر سفر کر سکتے ہیں، تکنیکی طور پر پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر ممکن نہیں۔