یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کی خراب صحت کے بارے میں گردش کرتی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کی زندگی سے متعلق حیران کن پیشگوئی کر دی۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق زیلنسکی نے یوروویژن نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پیوٹن جلد ہی مر جائیں گے اور یہ ایک حقیقت ہے، ان کا خاتمہ ہو جائے گا۔
روسی صدر پیوٹن کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں پہلے بھی ہوتی رہی ہیں، حال ہی میں گردش خبروں کے مطابق وہ فالج کا شکار، کینسر اور پارکنسن کی بیماری میں مبتلا ہیں۔
زیلنسکی نے ایک ایسے وقت میں روسی صدر سے متعلق پیشگوئی کی جب انہوں نے امریکا کو ’مضبوط رہنے‘ کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ امریکا اب عالمی تنہائی سے نکلنے میں پیوٹن کی مدد نہ کرے، مجھے یقین ہے یہ سب سے خطرناک لمحات میں سے ایک ہے۔
یوکرینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پیوٹن کو اپنے ملک میں عدم استحکام کا خوف ہے جبکہ مغربی ممالک دباؤ کو تیز کرنے میں مدد کر سکتی ہیں، اگر وہ روسی صدر کو دھکیلتے ہیں تو انہیں اپنے معاشرے میں عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
زیلنکسی کا یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں آیا جب انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان مستقل جنگ بندی معاہدے کی بات چیت کے درمیان پیرس میں یورپی رہنماؤں سے ملاقات کی تیاری کر رکھی ہے۔