کراچی : تاجروں نے حکومت سے چینی فی کلو 164 روپے کے احکامات واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ناانصافی جاری رہی تو چینی فروخت کرنا بند کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت چینی فی کلو164روپےکے احکامات واپس لے۔
اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ چینی بحران کے ذمہ دارمل مالکان اور حکومت ہے، حکومت کی غلط پالیسی کی سزا تاجروں کو نہ دی جائے۔
انھوں نے کہا کہ تاجر چینی 165 روپے فی کلو خرید کر 164 روپے کلو نہیں بیچ سکتے، چینی کا بحران پیدا ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ حکومت مل مالکان کیساتھ چینی کا ریٹ طےکرے، تاجروں کیساتھ ناانصافی جاری رہی تو چینی فروخت کرنا بند کردیں گے۔
یاد رہے حکومت نے چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شوگر ملز مالکان کے ساتھ اجلاس کے بعد کہا چینی کی قیمت ایک سو چونسٹھ روپے سے اوپر نہیں جانی چاہیے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جو بھی چینی کی قیمت مصنوعی طریقے سے بڑھانے کی کوشش کرے گا، اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔