سعودی عرب خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے نماز عید کے اجتماعات میں فلسطین کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نماز عیدالفطر کے اجتماعات میں مسلم امہ کے اتحاد، دنیا میں امن، بالخصوص مظلوم فلسطینیوں کی فتح ونصرت اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے روح پرور اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ہوئے جس میں لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین نے شرکت کی۔
مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدید جب کہ مسجد الحرام میں شیخ عبداللہ نے نماز عیدالفطر کی نماز پڑھائی۔
بیت المقدس میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا اور ہزاروں فلسطینی اسرائیلی فوج کی تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بیت المقدس آئے اور نماز عید ادا کی۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، کویت، شام، اردن، یمن سمیت کئی دیگر اسلامی ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
ترکیہ، روس، امریکا اور فرانس سمیت کئی یورپی اور مغربی ممالک میں بھی مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔
حرمین شریفین سمیت تمام ممالک میں نماز عید کے بعد امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی اور فلسطین سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔