اسلام آباد: پرائیوٹ حج کوٹہ میں کمی کے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی شرائط کی عدم تعمیل کے باعث پرائیویٹ حج کوٹے کا فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا جس پر وزیراعظم شہبازشریف نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔
اس حوالے سے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹرعطا الرحمان نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجی حج آپریٹرز کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، 89 ہزار 801 کے کوٹے میں سے صرف 12ہزار 500 کی بکنگ کرائی گئی۔ نجی حج آپریٹرز کی وجہ سے77ہزار عازمین حج سے محروم رہ جائیں گے۔
شرکا کو بتایا گیا کہ سعودی عرب نے معاہدے کی تاریخ میں توسیع سے انکار کر دیا ہے جس کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور نے حج بکنگ کی ڈیڈلائن میں توسیع کی درخواست کی تھی۔
پرائیویٹ حج آپریٹرز، سعودی وزارت، پاکستان حج مشن کے درمیان 10 دسمبر کو معاہدہ ہوا تھا۔ حکومت نے ٹور آپریٹرزکو 10 جنوری سے رقم سعودی عرب منتقلی اجازت دی تھی، سعودی عرب نےعازمین کی سہولیات سے متعلق بکنگ ڈیڈلائن 14فروری رکھی تھی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ سعودی پالیسی پرعمل کیوں نہیں ہوا؟ کمیٹی 3 روز میں ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔