حیدرآباد کے تھانہ راہوکی کی حدود میں پولیس مقابلہ کی فوٹیج سامنے آگئی، ملزمان کو گھر کی چھت سے پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
حیدرآباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے نواحی علاقے راہوکی میں پولیس مقابلہ کے دوران دو ڈاکو ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا،پولیس مقابلے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔
گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گھبرا کر علاقہ مکین فائرنگ کے دوران کافی دیر تک گھروں میں چھپ کر بیٹھے رہے، پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک،ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔
مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کیخلاف شہر کے مختلف تھانوں میں سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
فوٹیج میں ملزمان کو ایک گھرکی چھت سے پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد واقعے کی جگہ بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس حکام کے مطابق مختلف مقدمات میں ملوث روپوش ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی تھی، ٹیم کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں نئے سال کا پہلا مبینہ پولیس مقابلہ
یاد رہے کہ شہر قائد میں نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے ساتھ پولیس کی سیدھی گولیاں بھی چل پڑیں، کراچی میں سال کا پہلا پولیس مقابلہ بھی ہوگیا۔
کراچی کے علاقے مومن آباد الفتح کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے تھے۔