پنجاب میں پہلی بار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس سلسلے میں جامع پلان طلب کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں پہلی بارٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنےکے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں جامع پلان طلب کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام بھی شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں بھی متعلقہ حکام سے جامع پلان طلب کر لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا اس حوالےسے کہنا تھا کہ پنجاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے، اس میں خواتین کھلاڑیوں کو بھی مساوی مواقع دیے جائیں گے۔
مریم نواز نے محکمہ کھیل کو مالی خود مختاری دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔