تاریخ کی سب سے بڑی عربی فلم کی شوٹنگ مکمل کر لی گئی ہے جس میں دنیائے فلم کے کئی عالمی ستارے جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ تاریخ کی سب سے بڑی عربی فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’فلم کی شوٹنگ ریاض کے الحصن علاقے میں واقع ’Big Time‘ اسٹوڈیو میں ہوئی ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’7Dogs نامی فلم کی شوٹنگ کی تکمیل بڑی کامیابی ہے۔ فلم میں کئی عالمی سطح کے اداکار بھی حصہ لے رہے ہیں جن کی شرکت بڑی سرپرائز سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فلم میں عرب دنیا کے بڑے ستارے جن میں کریم عبدالعزیز، احمد عز اور ناصر القصبی نمایاں ہیں جبکہ سید رجب، تارا عماد، ساندی بیلا، ہنا الزاہد، ہالہ صدقی اور منہ شلبی بھی شامل ہیں، جلوہ گر ہوں گے۔
ترکی آل الشیخ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فلم کی تیاری کے لیے سعودی نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو پروڈکشن کے مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی۔