نیپال سے تعلق رکھنے والی نوجوان طالبہ نے اپنی خوبصورت لکھائی سے پوری دنیا کے دل جیت لیے ہیں، جسے "دنیا کی سب سے خوبصورت لکھائی” قرار دیا گیا ہے۔،
موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں کمپیوٹرز، موبائلز اور دیگر جدید آلات نے قلم اور کاغذ کی جگہ لے لی ہے، وہاں خوشخطی کا فن آہستہ آہستہ ماند پڑتا جا رہا ہے۔
تاہم، دنیا میں اب بھی کچھ ایسے افراد موجود ہیں جو نہ صرف ہاتھ سے لکھتے ہیں بلکہ اتنی خوبصورتی اور مہارت سے لکھتے ہیں کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔
نیپال سے تعلق رکھنے والی پرکرتی مالا نے اپنی دلکش اور بےمثال خوشخطی کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کی ہے، اور ان کی تحریر کو "دنیا کی سب سے خوبصورت تحریر” قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پرکرتی مالا کو پہلی مرتبہ اس وقت عالمی سطح پر پہچان ملی جب انہوں نے آٹھویں جماعت میں ایک اسائنمنٹ مکمل کیا جو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گیا۔ اُس وقت ان کی عمر صرف 16 سال تھی۔
پرکرتی نے متحدہ عرب امارات کے "روح اتحاد 51” (Spirit of the Union 51) پروگرام میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے اماراتی قیادت اور عوام کے نام ایک تہنیتی خط تحریر کیا۔ ان کی شاندار خوشخطی کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پرکرتی نے یہ خط نیپالی سفارت خانے کے ذریعے پہنچایا، اور ان کے فنِ خطاطی کے اعتراف میں نیپالی مسلح افواج نے بھی انہیں اعزازی ایوارڈ سے نوازا۔