خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کینالوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بیانات پر تبصرہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات بیرسٹر سیف نے کینالوں کے معاملے پر جاری بیان میں کہا کہ بلاول تقریریں کرنے کے بجائے والد سے پوچھیں نہروں کی منظوری کیوں دی؟۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی دونوں جماعتیں حکومت میں ہیں اور یہ سب کچھ خود کررہی ہیں، دونوں جماعتیں بیان ایسے دے رہی ہیں جیسے اپوزیشن میں ہیں۔
بیرسٹرسیف نے مزید کہا کہ بہتر ہے اقتدار عوام کے حوالے کر کے ایک ہی دفعہ سارے لندن چلے جائیں، نوازشریف وزیراعظم بننے آئے تھے، مریض بن کر واپس لندن جارہے ہیں، نواز شریف، مریم اور شہباز کی لندن یاترا ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ پلان 2 کی تیاری ہے۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو جنوبی پنجاب کی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے چولستان منصوبے کا افتتاح کیا گیا تھا، جس پر سندھ میں عوامی احتجاج اور سخت تحفظات سامنے آئے تھے۔