منگل, اپریل 8, 2025
اشتہار

بھارت: پیٹرول اور ڈیزل کے بعد گیس کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں بھی 50 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس کی قیمت میں اضافے کا اعلان مرکزی وزیرِ پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری کی جانب سے کیا گیا۔

مرکزی وزیرِ پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری کا کہنا تھا کہ پی ایم یو وائی مستفیدین کے لیے سلنڈر کی قیمت 500 روپے سے بڑھ کر 550 روپے ہو جائے گی، جب کہ دیگر صارفین کے لیے یہ قیمت 803 روپے سے بڑھ کر 853 روپے ہو جائے گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ اضافہ ہر دو سے تین ہفتوں میں نظرثانی کے تابع ہوگا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حالیہ ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ پٹرول اور ڈیزل پر صارفین پر بوجھ ڈالنے کے لئے نہیں بلکہ تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سبسڈی والی گیس کی قیمتوں سے ہونے والے 43,000 کروڑ روپے کے نقصان کی تلافی کے لیے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت میں وقف ترمیمی بل 2025 کی مخالفت زور پکڑ گئی، کانگریس کے بعد عام آدمی پارٹی نے بھی اس متنازع بل کو چیلنج کردیا۔

اپوزیشن جماعتیں بھارت میں وقف ترمیمی بل کے خلاف میدان میں آگئیں، عام آدمی پارٹی کے رہنما، دہلی کے اوکھلا حلقے سے ایم ایل اے اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اس متنازع بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما امانت اللہ خان نے کہا کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں کی مذہبی اور ثقافتی خودمختاری پر حملہ ہے، یہ بل اقلیتوں کے اُن بنیادی حقوق کو متاثر کرتا ہے جن کے تحت وہ اپنے مذہبی اور رفاہی اداروں کا انتظام چلاتے ہیں۔

امانت اللہ خان کی جانب سے بھارتی سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وقف ترمیمی بل کو غیرآئینی قرار دے کر مسترد کیا جائے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ بل بھارتی لوک سبھا کے دونوں ایوانوں میں 2 اور 3 اپریل کو ہونے والی طویل بحث کے بعد منظور کیا گیا تھا، بل کے حق میں 288 اور مخالفت میں 232 ووٹ پڑے تھے۔

اس کے علاوہ راجیہ سبھا میں 128 ووٹ بل کے حق میں اور 95 مخالفت میں آئے تھے۔ بل کو منظوری کے لیے بھارتی صدر کو ارسال کیا جائے گا۔

بھارت میں متنازع وقف بل منظور، کانگریس کا بل کو چیلنج کرنے کا اعلان

مختلف مسلم تنظیموں نے بھی وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بل کا مقصد وقف املاک پر حکومتی کنٹرول کو بڑھانا اور مسلم اداروں کو بے اختیار بنانا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں