ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

4 امیر ترین بھارتی 10 ارب ڈالر سے محروم ہو گئے

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف جنگ کے زبردست منفی اثرات سے دنیا پریشان ہو گئی ہے، بھارت کے 4 امیر ترین افراد بھی ان اثرات کی وجہ سے مجموعی طور پر 10 ارب ڈالر سے محروم ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے بتایا کہ مارکیٹ کریش نے مکیش امبانی، گوتم اڈانی، ساوتری جندال، ان کے اہل خانہ اور شیونادر کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے، انٹرنیشنل میگزین فوربز کے بلینئر ٹریکر نے چاروں ارب پتیوں کی دولت میں کمی کی نشان دہی کر دی ہے۔

امیر ترین بھارتی مکیش امبانی کی دولت میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جن کی مجموعی دولت اب بھی 87 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جب کہ گوتم اڈانی کی دولت میں 3 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کے ٹیرف نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ایشیا، یورپ اور خلیجی اسٹاک مارکیٹوں میں گزشتہ روز شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔ بھارت کی اسٹاک مارکیٹ بھی کریش کر گئی تھی۔ نفٹی انڈیکس 5 فی صد کمی سے 21 ہزار 758 پوائنٹس پر آیا، جب کہ سینسکس 5.29 فی صد گر کر 71 ہزار 379 پوائنٹس پر بند ہوا۔


ٹرمپ ٹیرف کے بعد دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال، سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالرز ڈوب گئے


گزشتہ روز یورپی اسٹاک مارکیٹیں کھلتے ہی گر گئیں، فرینکفرٹ کے ڈیکس انڈیکس میں 10 فی صد مندی ریکارڈ کی گئی اور جرمنی میں ڈیکس انڈیکس تقریباً 10 فی صد نیچے آیا۔ لندن کا ایف ٹی ایس ای ہنڈریڈ تقریبا 6 فی صد نیچے آیا، جب کہ اٹلی میں 8.5، سوئیڈن اور سوئٹزلینڈ کی مارکیٹیں 7 فی صد گریں۔

جاپان کا نکئی انڈیکس 9.5 فی صد اور تائپے انڈیکس 9.6 فی صد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 13.6 فی صد کمی ہوئی۔ سنگاپور انڈیکس 8، شنگھائی انڈیکس میں 7 فی صد کمی ہوئی، سڈنی اسٹاک میں 160 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوا اور پندرہ منٹ میں بینچ مارک ایس اینڈ پی 6 فی صد نیچے آیا۔

اسی طرح سعودی اسٹاک مارکیٹ میں 500 ارب ریال کا نقصان ہوا، تاسی انڈیکس 700 پوائنٹس کمی سے 11 ہزار 1200 پر بند ہوا۔ آرامکو کے حصص کی قیمت میں 90 ارب ڈالر کمی ہوئی۔ قطر، کویت، مسقط اور بحرین کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی رہی۔ خلیجی اسٹاک مارکیٹوں میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں