لاڑکانہ : رخصتی سے انکار پر قتل کی گئی پرائمری اسکول ٹیچر صدف حاصلو کی قمبر میں تدفین کردی گئی تاہم پولیس صدف کے قاتل پولیس اہلکار فرید حاصلو کو تاحال گرفتار نہ کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں رخصتی سے انکار پر قتل کی گئی پرائمری اسکول ٹیچر کی تدفین کردی گئی، مقتولہ کی تدفین کے بعد بھائی رضوان ودیگر مقدمہ درج کروانے تھانہ قمبر پہنچ گئے۔
مقتولہ صدف کے بھائی رضوان نے بتایا صدف اور فرید کا نکاح دوہزارچوبیس میں ہوا تھا، فرید حاصلو فوری رخصتی چاہتا۔
مقتولہ کے بھائی نے مزید کہا کہ ماہ رمضان میں فرید تیزاب اور پستول لے کرگھر آیا اور رخصتی کی ضد کی، میری بہن صدف کو اس کی یہ حرکت بلکل پسند نہیں آئی اور اس نے رخصتی سے انکار کردیا۔
مزید پڑھیں : لاڑکانہ: شادی سے انکار پر پولیس اہلکار نے خاتون ٹیچر کو گولیاں مار دیں
پولیس صدف کے قاتل پولیس اہلکار فرید حاصلو کو تاحال گرفتار نہ کرسکی تاہم ایس ایس پی قمبرساجد امیر سدوزئی نے ملزم اہلکار کو معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیا اور فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
گذشتہ روز لااڑکانہ میں قمبر کے قریب پولیس اہلکار نے وین پر فائرنگ کی تھی ، جس کے نتیجے میں خاتون ٹیچر جاں بحق اور راہگیر زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادی سے انکار پولیس اہلکار نے خاتون ٹیچر پر فائرنگ کی۔