چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کوحراست میں لینا غیرقانونی اور غیرآئینی ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے کے لیے آنے پر علیمہ خانم اور دیگر بہنوں کو حراست میں لینے پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خانم کو حراست میں لینے کی مذمت کرتاہوں، عدالتی حکم ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جیل انتظامیہ کی شرائط پر ملاقات کا کوئی آرڈر نہیں، ہماری جانب سےکوئی پتھراؤنہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنے کی کوئی کال نہیں دی تھی، ہم صرف بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی حمایت میں یہاں آئے تھے۔
خیال رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں اورکارکنان کو گرفتار کرلیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو حراست میں لے لیاگیا، پولیس نے علیمہ خانم، نورین خان، عظمیٰ خان کو وین میں بٹھا دیا۔
صاحبزادہ حامد رضا، حامدخان سمیت 11 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، پی ٹی آئی رہنماعالیہ حمزہ، شفقت اعوان بھی زیرحراست ہیں۔
نیاز اللہ نیازی، راجہ یاسر حسنین، حامد خان کو بھی حراست میں لے لیاگیا، پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان اڈیالہ جیل کے باہراحتجاج کےلئے جمع ہوئے تھے۔