بالی ووڈ سپراسٹار سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم "سکندر” نے ناقدین کی تمام تر تنقید کے باوجود 200 کروڑ روپے کا ہندہ عبورکرلیا۔
اس عیدالفطر پر بھی بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان نے اپنے مداحوں کےلیے نئی فلم ریلیز کی تھی مگر پچھلے کئی سالوں کی طرح ان کی فلم ناقدین اور شائقین کی داد سمیٹنے میں بری طرح ناکام رہی تھی، اکثر لوگوں نے سلمان خان کی ایکٹنگ اور کہانی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
تاہم تمام تر تنقید بھی سلمان بھائی کی فلم کو عالمی باکس آفس پر 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنے سے نہ روک پائی، فلم نے اپنی ریلیز کے 9 دنوں میں دنیا بھر سے 200.93 کروڑ بھارتی روپے سمیٹ لیے ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر ساجد نڈیاڈ والا نے فلم کے 200 کروڑ روپے کمانے کی خبر انسٹاگرام پوسٹ میں شیئر کی، فلم نے پیر کو ہندوستان میں 2.48 کروڑ اور بیرون ملک 1 کروڑ روپے کمائے۔
پروڈیوسر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سکندر کو اپنے جشن کا حصہ بنانے کے لیے آپ کا شکریہ، ہم آپ کی محبت کے شکر گزار ہیں،”
سلمان خان کے مداح اس بات سے کافی پرجوش ہیں کہ فلم نے 10 دنوں سے پہلے ہی 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے، سکندر نے بھارت میں اب تک 123 کروڑ روپے جبکہ بیرون ملک سے 77 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔