پشاور: وزیراعلیٰ کےپی نے ویڈیو پیغام جاری کردیا، علی امین نے کہا کہ اپنے اختیارات دوسروں کے حوالے کرنے کا پروپیگنڈا بےبنیاد اور جھوٹا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں ایک تجویز سے متعلق غلط فہمی کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، پروپوزل کے تحت صوبے کا اختیار کہیں بھی کسی صورت کسی کونہیں دیا جارہا۔
وزیراعلی کےپی نے کہا کہ میرے بغض میں بغیر تحقیق کیے سازشیں شروع ہو جاتی ہے جو افسوس کی بات ہے، اچھے ریفارمز کرکے ہم نے صوبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے، ریونیو بڑھایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ ایک مافیا ہے جو ریفارمز پسند نہیں کررہا اور پہلے جیسے حالات چاہتے ہیں، ہمارے آنے کے بعد 4 سائٹس پر غیرقانونی معدنیات ٹھیکے روکے گئے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شفاف نیلامی کے ذریعے 5 ارب روپے کا ریونیو جمع کیا، غیرقانونی مائننگ پر سخت قانون سازی لارہے ہیں، غیرقانونی مائننگ ہوئی تو مشینری ضبط کرکے نیلام کریں گے۔
معدنی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کرکے قیمتی وسائل بچائے جاسکتے ہیں، 50 کروڑ سے زائد انوسٹمنٹ پر ٹھیکے کا دورانیہ بڑھایا جائےگا۔
وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مائننگ میں کرپشن روکنے کےلیے صوبے میں کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی میں محکمہ قانون، نیب اوردیگرافسران بھی شامل ہیں، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ ابھی اسمبلی میں پیش ہوا ہے، ایوان میں بحث ہونی ہے۔