گرمی کی لہر نے بھارت میں ابھی سے لوگوں کو پریشان کردیا ہے، ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بڑھ گیا۔
اپریل کے مہینے میں ہی تقریباً پورے بھارت میں پارہ بلند ہو رہا ہے، ہیٹ ویوی کی وجہ سے دہلی اور پونے کے رہائشیوں کو گزشتہ دنوں گھر سے نہ نکلنے کا کہا گیا تھا، شمال مغربی بھارت میں بھی ہیٹ ویو کے آثار 10 اپریل تک شدت اختیار کر سکتے ہیں جبکہ اس کے فوراً بعد اس علاقے میں ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 اپریل کے بعد ملک کے کئی حصوں میں ہیٹ ویو کی صوتحال عارضی طور پر کم ہو جائے گی کیونکہ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
بھارت: اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں جلدی کرنے کا فیصلہ ، تاریخ سامنے آگئی
ریاست راجستھان میں 9 اپریل تک کئی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پیر کو باڑمیر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گجرات، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش میں ہیٹ ویو کی صورتحال 10 اپریل تک رہے گی جبکہ تامل ناڈو، پڈوچیری، گوا اور کیرالہ میں بھی گرم اور مرطوب موسم کی متوقع ہے۔
پیر کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، ڈاکٹروں نے عوام کو خبردار کیا کہ شدید گرمی کی وجہ سے ہلکے دھبے، زیادہ پسینے کی وجہ سے پٹھوں میں درد، اور ہیٹ اسٹروک جیسے سنگین مسائل بھی ہو سکتے ہیں۔
ممبئی اور اس کے پڑوسی اضلاع پالگھر، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، گرم اور مرطوب موسم کا انتباہ 10 اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔