ساؤتھ انڈین فلموں کے سپر اسٹار اللو ارجن نے نامور فلم ساز ایٹلی کے ساتھ ایک نئی وی ایف ایکس سے بھرپور فلم میں کام کرنے کی تصدیق کردی ہے، جس کا عارضی طور پر نام ’ڈبل اے ‘22 رکھا گیا ہے۔
اللو ارجن کی ہٹ فلم ’’پشپاٹو‘‘ کے بعد یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ اللو ارجن نے ایٹلی کمار اور سن پکچرز کے ساتھ اگلی فلم میں کام کرنے کا معاہدہ کیا ہے جس کی تصدیق انہوں نے سوشل میڈیا پر کی۔
ساؤتھ انڈیا کی سپرہٹ فلم پشپا کے اداکار اللو ارجن نے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر دی۔
انہوں نے لکھا کہ ایٹلی سر کے ساتھ ایک شاندار منصوبے پر کام کر رہا ہوں جسے سن پکچرز کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بڑے بجٹ سے بننے والی یہ فلم بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے۔
اس اعلان کے فوراً بعد ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں اللو ارجن اور ایٹلی کمار کو امریکی شہر لاس اینجلس میں دکھایا گیا، جہاں وہ معروف اسپیشل ایفیکٹس کمپنیوں سے ملاقاتیں کرتے نظر آرہے ہیں۔
اگرچہ فلم کی کاسٹ اور کہانی کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، لیکن امریکی کمپنیوں سے ملاقات کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ فلم میں جدید ترین اسپیشل ایفیکٹس استعمال کیے جائیں گے۔
اس فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہدایت کار ایٹلی نے کہا کہ یہ اسکرین پلے بنانے میں کئی سال لگے اور اب اسے ‘آئیکون اسٹار’ کے ساتھ اور سن پکچرز کے کلانیتھی مارن کی رہنمائی میں حقیقت میں بدلنا میرے لیے ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس فلم میں ان دیکھی مخلوقات اور مناظر کو فلمایا جائے گا اور اللو ارجن کو نئے کردار اور نئی شناخت ساتھ دکھایا جائے گا۔
ایٹلی کمار اور اللو ارجن کی اس فلم کو فی الحال ’’اے اے 22‘‘کا نام دیا گیا ہے جو پشپا کے اداکار کی 22ویں فلم ہے۔ اس فلم کے بعد وہ ’’پشپا فرنچائز‘‘کی تیسری فلم کیلئے کام کریں گے جسے ’’پشپا: دی ریم پیج‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اللو ارجن کی حالیہ فلم ‘پشپا 2’ نے باکس آفس پر زبردست دھوم مچائی اور دنیا بھر میں تقریباً 210 ملین ڈالر کما کر بھارت کی تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔