ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

خصوصی ایپ کا استعمال کرتے ہوئے امریکا میں داخل ہونے والے 9 لاکھ تارکین وطن کو فوری نکلنے کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے خصوصی ایپ کا استعمال کرتے ہوئے امریکا میں داخل ہونے والے 9 لاکھ تارکین وطن کو فوری نکلنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جو بائیڈن انتظامیہ کے دوران امریکا میں لاکھوں تارکین وطن داخل ہوئے تھے، جو پناہ حاصل کرنے کے لیے ایک خصوصی ایپ استعمال کر رہے تھے، انھیں کہا گیا ہے کہ وہ ’’فوری طور پر‘‘ امریکا سے نکل جائیں۔

تقریباً 900,000 تارکین وطن جنوبی سرحد پر CBP One ایپ کا استعمال کرتے ہوئے داخل ہوئے تھے، جن کو عام طور پر 2 سال تک امریکا میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی، اور انھیں ملک میں قانونی طور پر کام کرنے کے لیے امیگریشن قوانین سے ’’پیرول‘‘ دی گئی تھی۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اب انھیں کہا گیا ہے کہ ان کے پیرول کو منسوخ کر دیا گیا ہے، یعنی ان کی قانونی حیثیت منسوخ کر دی گئی ہے، اور اگر وہ اس کے بعد بھی امریکا میں رہتے ہیں تو ان پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔


مڈ ٹرم الیکشن جیت کر دکھائیں گے، امریکی صدر ٹرمپ


واضح رہے کہ بائیڈن نے تارکین وطن کو پناہ گزین کے طور پر درخواست دینے کی اجازت دی تھی، اور تارکین وطن کو دو سال تک عارضی ورک پرمٹ دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ وعدہ کرتے آ رہے ہیں کہ وہ امریکا سے تارکین وطن کی ملک بدری میں اضافہ کریں گے، ان کی انتظامیہ نے حال ہی میں ایپ کا نام تبدیل کر کے CBP Home رکھ دیا ہے اور اسے ’’خود جلاوطنی‘‘ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ بی بی سی کے مطابق ایک ای میل میں ایک تارک وطن سے کہا گیا تھا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ آپ امریکا چھوڑ دیں۔‘‘

ای میل میں مزید کہا گیا ’’اگر آپ فوری طور پر ریاستہائے متحدہ سے روانہ نہیں ہوتے تو آپ کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں آپ کو امریکا سے نکال دیا جائے گا، جب تک کہ آپ نے یہاں رہنے کے لیے کوئی قانونی بنیاد حاصل نہ کر لی ہو۔‘‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں