ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے بیٹی نیسا دیوگن کے رواں سال ’بالی وڈ ڈیبیو‘ کرنے کی خبروں پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔
کاجول اور اجے دیوگن کی بیٹی نیسا اکثر فلم انڈسٹری کے اپنے دوستوں کے ساتھ نظر آنے کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں، لیکن دوسرے اسٹار کڈ کی طرح نیسا کو بھی بالی وڈ میں اپنے ممکنہ ڈیبیو کے بارے میں افواہوں کا سامنا ہے۔
حالیہ تقریب میں کاجول سے پوچھا گیا کہ کیا نیسا کو فلموں میں دلچسپی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ اپنے والدین کے نقش قدم پر چلنا چاہتی ہیں اور نہ ہی اداکار بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کاجول مذہبی تقریب میں ’سیٹی‘ بجانے پر غصے میں آگئیں
کاجول نے کہا کہ یقینی طور پر نہیں کیونکہ وہ ابھی 22 سال کی ہے، مجھے لگتا ہے کہ اس نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ وہ فی الحال بالی وڈ میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
اداکارہ سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ آنے والے ٹیلنٹ کو کیا مشورہ دیں گی؟
اس پر ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو میرا مشورہ ہے کہ ہر ایک سے مشورہ نہ لیں، اگر آپ لوگوں سے پوچھیں گے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے تو 100 لوگ الگ الگ مشورے دیں گے، ایک کہے گا اپنی ناک ٹھیک کرواؤ، دوسرا کہے گا بالوں کا رنگ تبدیل کرو وغیرہ وغیرہ۔۔۔
کاجول اپنی اگلی افسانوی ہارر فلم ’ماں‘ کی تیاری میں مصروف ہیں جس کی ہدایت کاری وشال فوریا نے کی ہے۔ فلم کی پہلی جھلک اس سال مارچ میں ریلیز کی گئی اور اس میں کاجول کو ایک سخت ماں کے روپ میں دکھایا گیا جو اپنی بیٹی کی حفاظت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس فلم میں کھرین شرما، رونیت رائے اور اندرانیل سینگپتا بھی اہم کرداروں میں ہیں، فلم 27 جون 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے۔