کراچی: میٹرک امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ کے باعث طلبہ گرمی میں پرچے حل کرنے پر مجبور ہیں، جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک امتحانات کے دوران شدید لوڈشیڈنگ جاری ہے، مختلف امتحانی مراکز میں بجلی غائب ہونے کی وجہ سے طلبا و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، لیاری اور اورنگی کے مراکز بجلی سے محروم رہے ، جس کے باعث گرمی میں طلبہ پرچے حل کرنے پر مجبور ہوگئے۔
امتحانی مراکز میں پنکھے بند، کلاسز اندھیرے میں ڈوبی رہی جبکہ امتحانی عملہ بھی بجلی کی بندش سے شدید متاثر ہیں۔
والدین اور اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی اوقات میں بجلی فراہم کی جائے، لیاری، اورنگی، بن قاسم ٹاؤن میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
گذشتہ روز امتحانی مراکز کے حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا تھا کہ کراچی میٹرک بورڈ کی جانب سے امتحانی مراکز کی تفصیلی لسٹ موصول ہوئی ہے، کےالیکٹرک محکمہ تعلیم کے ساتھ مکمل تعاون کریگا تاکہ امتحانات کے دوران طلبہ کو کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
امتحانات کے اوقات میں امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ امتحانی مراکز پر بجلی سپلائی کے حوالے سے محکمہ تعلیم سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سے اس سلسلے میں مکمل رابطے میں ہیں اور کےالیکٹرک بطور ذمہ دار سماجی ادارہ، امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔