ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان کا فاتحانہ آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں میزبان ٹیم پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افتتاحی میچ میں آئرلینڈ کو ہرا دیا ہے۔

لاہور میں کھیلے جا رہے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں میزبان ٹیم پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے عزائم ظاہر کر دیے ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے آئرلینڈ کو با آسانی 38 رنز سے شکست دے دی ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم پاکستانی ٹیم نے سدرہ امین اور عالیہ ریاض کی نصف سنچریوں کی بدولت 49 اوورز میں 217 رنز بنا کر آئرش ٹیم کا فیصلہ غلط ثابت کیا۔

عالیہ ریاض (52)، سدرہ امین (51) کے علاوہ منیبہ اقبال 32 رنزبنا کر نمایاں رہیں۔
آئرلینڈ کی جانب سے جین میگوئر نے تین جب کہ کارا مورے اور ارلین کیلی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

218 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم 44 رنز میں 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر 44، 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ جم سکا۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ سب سے کامیاب بولر رہیں جنہوں نے 35 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرح سندھو کے ہاتھ تین اور سعدیہ اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیانا بیگ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ جمعہ کو اسکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلے گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا آغاز 9 اپریل سے لاہور میں ہو رہا ہے۔ 19 اپریل تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں