واشنگٹن: ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف میں وقفہ عوامی ردعمل کا نتیجہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر چک شومر نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ٹرمپ ٹیرف نے امریکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اور یہ افراتفری ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک کھیل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ سوچتے ہیں کہ وہ معیشت کے ساتھ ریڈ لائٹ، گرین لائٹ کھیل رہے ہیں، لیکن اس کے اثرات امریکی خاندانوں کے لیے بالکل حقیقی ہے۔
TRUMP RETREATS ON TARIFFS BECAUSE OF TRUMP SLUMP
— Chuck Schumer (@SenSchumer) April 9, 2025
چک شومر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پورے امریکا میں اپنے ٹیرف کے حوالے سے بڑھتا درجہ حرارت محسوس کر رہے ہیں کہ وہ کتنے خراب ٹیرف ہیں، وہ ڈگمگا رہے ہیں اور پیچھے ہٹ رہے ہیں، ہم ہمت نہیں ہاریں گے۔
امریکی صدر نے ٹیرف 90 روز کے لیے روک دیا، چین پر 125 فیصد عائد
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند ممالک کے لیے تجارتی ٹیرف میں 3 ماہ کے وقفہ اور چین کے لیے ٹیرف میں مزید اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں انھوں نے چین کے علاوہ دیگر ممالک پر اضافی ٹیرف 90 دن کے لیے روکنے کا حکم دیا ہے۔ یہ وقفہ صدر ٹرمپ نے جوابی ٹیرف نہ لگانے والے کچھ ملکوں کے لیے دیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اضافی ٹیرف پر کچھ ممالک نے امریکا کے ساتھ بات چیت کی کوشش کی ہے، جو ممالک جوابی ٹیرف نہیں لگا رہے ان کے لیے وقفے کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھی 90 دن کے لیے اضافی ٹیرف سے ریلیف مل گیا ہے۔