پنجاب کے ضلع اوکاڑ کے شہر حجرہ شاہ مقیم میں ملزم نے مبینہ طور پر تین بچوں کی ماں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کو مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ اٹاری روڈ کے قریب پیش آیا، پولیس کو اس بارے میں 15 پر اطلاع دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم خالد رحمانی کو گرفتار کر لیا جس کے خلاف متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گجرات میں خاتون سے اجتماعی زیادتی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
دو روز قبل پنجاب کے علاقے سانگلہ ہل میں ملزمان نے لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، ایف آئی میں کہا گیا کہ ملزمان لڑکی کو جھانسہ دے کر اپنے ساتھ لے گئے تھے، مقدمے میں نامزد دیگر 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
اس سے قبل فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران زرعی یونیورسٹی کی ملازمہ سے مبینہ جنسی زیادتی کے واقعے پر تھانہ ساندل بار پولیس نے نامزد ملزم علی شیر کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ گرفتار ملزم علی شیر نے تفتیش کے دوران اعتراف جرم کیا جبکہ ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ملزمان نے شوہر کے ساتھ گھر جاتی خاتون سے مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کی تھی جبکہ موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔