روس اور وسطی یورپ کیلئے نائب معاون وزیرخارجہ سونا ٹاکولٹر کی قیادت میں امریکی وفد نے روسی وفد سے ترکیہ میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق روس اور امریکا کے درمیان استنبول میں مذاکرات ہوئے، اعلامیہ میں بتایا گیا کہ روسی وفد کی قیادت روسی سفیر الیگزینڈر ڈار چیوف نے کی، وزیرخارجہ روبیوکے روسی ہم منصب سے معاہدے کے بعد مشاورت کا دوسرا دور ہے، مشاورت کا پہلا دور 27 فروری کو ہوا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 27 فروری کی میٹنگ میں ہونے والی بات کو جاری رکھا گیا۔
روس، امریکی سفارتخانوں میں سفارتی مشن کا استحکام یقینی بنانے کیلئے مفاہمت کو حتمی شکل دی گئی، امریکی وفد نے روس میں اپنے سفارتی عملے پر پابندیوں کی پالیسی پر خدشات کا اظہار کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سفارتی پابندیاں ماسکو میں امریکی سفارتخانے میں عملے کی مستحکم، پائیدار سطح برقرار رکھنے میں کلیدی رکاوٹ ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری کولٹر اور سفیر ڈارچییف نے مسائل پر میٹنگ کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا، آئندہ کے مذاکرات کے مقام اور نمائندگی کا تعین ضرورت کے مطابق کیا جائےگا۔