کراچی : ایف آئی اے ٹیم مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے گی، جس میں تحقیقات کی جائیں گی کہ ارمغان کے ساتھ اور کون ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کی ایف آئی اے کو حوالگی کے معاملے پر ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ٹیم جیل سے ایف آئی اے دفتر پہنچی۔
ایف آئی اے ٹیم باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے گی ، گرفتار ملزم سے منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔
حکام نے کہا کہ ٹیم ملزم ارمغان کو سوالنامہ دے گی اور تحقیقات کی جائیں گی کہ ارمغان کے ساتھ اورکون ملوث ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کنکشنز اور ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کی جائیں گی، منی لانڈرنگ کےپیسےکس مدمیں کس کو اور کتنے دیے گئے تحقیقات ہوں گی اور تمام معلومات اکٹھی کرکے کیس ریکارڈ فائنل کیا جائے گا۔
ایف آئی اے ٹیم نے کہا کہ سوائےکال سینٹرمیں دی گئی تنخواہوں کے تمام کا حساب ہوگا، پراپرٹیز، گاڑیوں، انٹرنیشنل والٹس سے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی اور پتہ لگایا جائے گا گرفتاری کے وقت ارمغان کی مدد کس نے کی۔
حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد اگر پیسے ٹرانسفر ہوئے اس کا بھی پتہ چل جائے گا ایف آئی اے اپنا ٹیکنیکل کام تقریباً مکمل کر چکی ہے ، ارمغان کی منی لانڈرنگ سے متعلق تمام معلومات حاصل کریں گے۔