پی ایس ایل 10 کا آج سے آغاز ہو رہا ہے ٹورنامنٹ کے 5 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے اس حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پانچ میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہیں جو 12، 15، 18، 20 اور 21 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی پلان تیاری کر لیا گیا ہے میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے والے شائقرین کرکٹ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سیکیورٹی اقدامات:
میچز کے دوران کراچی میں سیکیورٹی اداروں کے مجموعی طور پر 6700 سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ یہ اہلکار اسٹیڈیم، ایئرپورٹ، ٹیموں کے روٹس، پارکنگ پوائنٹس اور ہوٹلز پر تعینات ہوں گے جبکہ جدید تربیت یافتہ کمانڈوز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں گے۔
شہریوں کیلیے آگہی:
میچز ے دوران اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی رہیں گی تاہم سر شاہ سلیمان روڈ استعمال کرنے والے شہریوں کو میچ کے دوران متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پارکنگ ایریاز:
نیشنل بینک اسٹیڈیم میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لیے پارکنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ چائنا گراؤنڈ اور نیشنل کوچنگ سینٹر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کیلیے مختص کیے گئے ہیں۔
وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر رکھی گئی ہے۔ صرف وی آئی پیز اور اسٹیکر،پاسز کی حامل گاڑیاں گیٹ نمبر 8 سے داخل ہو سکیں گی۔
اسٹیڈیم آنے والے شائقین کیلیے خاص ہدایات:
پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ مرکزی گیٹ کے علاوہ 04، 05، 12، 13 اور 14 نمبر کے دروازوں سے اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔
اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی جب کہ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلنڈر نصب شدہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کے تمام گیٹ میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔
تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کی تمام اشیا اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ آج شروع ہو رہا ہے۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔
PSL 10- پی ایس ایل کی تمام خبریں
6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں 11 اپریل سے 18 مئی تک 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا جن میں 2 ایلیمنیٹر اور فائنل بھی شامل ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 13 مئی کو ہونے والا پہلا کوالیفائر بھی شامل ہیں جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 5، پانچ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی قیادت جاری رکھیں گے، جب کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بالترتیب ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کے ساتھ نئے کپتان ہوں گے۔