اسلام آباد : امریکی اراکین کانگریس نے دورہ پاکستان کو کامیاب اور مثبت قرار دے دیا اور کہا پاک امریکا تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی اراکین کانگریس نے پاکستان کے دورے کو انتہائی کامیاب اور مستقبل کیلئے اہم قرار دے دیا۔
رکن کانگریس جیک وارن برگ مین نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کو مستقبل میں کم نہیں سمجھا جاسکتا، مثبت اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ترقی پذیر علاقوں پربھی مرتب ہونگے۔
جیک وارن برگ مین کا کہنا تھا کہ ہم مخصوص شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں،اس شراکت داری میں معدنیات ایک اہم شعبہ ہے، یہ اقدامات آنیوالے وقت میں مضبوط صنعتوں کی بنیاد رکھیں گے۔
رکن کانگریس نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کیلئےفائدہ مند ہوں گی، کان کنی کےنئےطریقے، نئی مصنوعات پیداواری مستقبل کیلئےاہم ہیں، پاک امریکا تعلقات اس لئےاہم ہیں کہ دونوں ملک آزادی پریقین رکھتے ہیں۔
کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے گفتگو کا آغاز السلام علیکم اور شکریہ سے کیا اور کہا پاکستان کا دورہ شاندار رہا،ہم پاکستانیوں کی میزبانی کےشکر گزار ہیں، ہمیں پاکستان اور امریکاکے تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔
تھامس رچرڈ سوازی کا کہنا تھا کہ پاکستانی تارکین وطن کوایک سفیر کے طور پر دیکھتے ہیں ، پاکستانی تارکین وطن نے ہماری سر زمین پرکامیاں حاصل کیں، پاکستانیوں میں بےشمار خوبیاں ہیں، محنتی، تعلیم یافتہ اور خاندانی ہیں، پاکستان اورامریکاملکر کام کرینگےاور معاشی سرگرمیوں کوفروغ دیں گے۔
کانگریس مین جوناتھن لوتھر جیکسن نے بھی دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا، اعتماد کی بنیاد پرتعلقات کو مزید مضبوط بنانےکا سنہری موقع ہے ، یقین ہے پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔
جوناتھن لوتھر جیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی مقامات کادورہ کیا، اعلیٰ حکام سےملاقاتیں بھی کیں، تعلقات مزید مستحکم اور پاکستان کی کامیابیوں کیلئے پرعزم ہوں۔